یقین ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک میں امن و امان قائم کریں گے، فائل فوٹو
یقین ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک میں امن و امان قائم کریں گے، فائل فوٹو

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی مذمت کیلیے پنجاب اسمبلی میں قراردار جمع

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے اور جانوں کے ضیاع کی بھرپور مذمت کے لیے پنجاب اسمبلی میں قراردار جمع کرا دی گئی۔

قرارداد آئی پی پی کے صوبائی جنرل سیکریٹری اور پی پی 149 سے ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی جس میں غیر ملکی ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔

شعیب صدیقی کی قرارداد میں 27 ہلاکتوں پر اظہار افسوس اور 50 سے زائد زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کو یک جان سمجھتا ہے اور یہ ایوان اعادہ کرتا ہے کہ ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ایوان نے عسکری اداروں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ملک میں امن و امان قائم کریں گے۔

شعیب صدیقی نے قرارداد میں کہا کہ صدر استحکامِ پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی قیادت میں ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں، ظلم کی رات جلد ہی امن کے اجالوں میں ڈھل جائے گی۔ شہداء کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے، قرارداد کا مقصد ایوان میں دہشت گردی کے خلاف موقف کو اجاگر اور قومی اتحاد کا اظہار کرنا ہے۔