اسلام آباد(اُمت نیوز)نومبر تو شروع ہو گیا مگر موسم بدل نہ سکا،محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بلند و بالاپہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے،پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں اسموگ چھائے رہنے جبکہ چند میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند پڑنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تا ہم لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔