پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، روہت شرما

 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، دونوں بورڈز یہ فیصلہ کریں گے۔

روہت شرما نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہماری توجہ چیمپئنز ٹرافی پر ہے، اگر بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجا جائے گا تو ہمیں کوئی ایشو نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کےلیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے حکومت سے کلیئرنس نہ ملنے پر ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے منع کیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے تین وینوز پر اگلے سال 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈولڈ ہے، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

دوسری جانب اسلام آباد میں حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو دونوں ملکوں کے تعلقات ٹھیک ہونے تک پاکستان بھارت کے خلاف ورلڈ کپ، ایشیا کپ سمیت دنیا کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں نہیں کھیلے گا۔

پاکستان کی جانب سے بھارت کی اولمپکس بڈ کی بھی مخالفت کی جائے گی، بھارت 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کا خواہشمند ہے‘ پاکستان نے بھارتی رویے پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حد درجہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتادیا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپنز ٹرافی کھیلنے نہیں آئے گی۔

پی سی بی نےحکومت پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے، پاکستان نے ہائبرڈ سمیت کسی بھی ماڈل کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

ممکنہ طور پر بھارت کی جگہ سری لنکا ٹورنامنٹ کھیل سکتی ہے، بھارت نے متعدد مرتبہ کھیلوں میں سیاست کو ملوث کیا۔

حدرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔