فتنہ الخوارج کے خارجی نور ولی اور غٹ حاجی کی آڈیو منظرعام پرآ گئی

راولپنڈی (اُمت نیوز) فتنہ الخوارج کے خارجی نور ولی اور غٹ حاجی کی آڈیو منظر عام پر آ گئی۔

آڈیو میں خارجی نور ولی پاکستان میں داخل ہونیوالے دہشت گردوں کو واپس نہ آنے کیلئے دباؤ ڈال رہا ہے، خارجی نور ولی محسود کہتا ہے کہ مجاہدین کو اطلاع کر دو ہماری طرف سے واپسی کی کسی کو اجازت نہیں، ہر کوئی اپنے آپ کو تیار رکھے ، مجاہدین کو راستہ بدلنے کی اجازت نہیں۔

اس حوالے سے دفاعی ماہرین کاکہنا ہے کہ لیک آڈیو واضح ثبوت ہے فتنہ الخوارج کے سرغنہ افغانستان میں چھپے بیٹھے ہیں اور ان کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں افغان طالبان کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔

دفاعی ماہرین کاکہنا ہے کہ فتنہ الخوارج افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد حملے کرتے ہیں ، ثابت ہو چکا ہے فتنہ الخوارج اور افغان طالبان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق لیک آڈیو سےواضح طور پر مستقبل میں بھی افغانستان سے مزید خارجیوں کے پاکستان میں داخل ہونے کا اشارہ ملتا ہے ، خارجی نور ولی افغانستان میں بیٹھ کر چھوٹے درجے کے دہشتگردوں کو نام نہاد جہاد میں جان دینے کیلیے مجبور کر رہا ہے، خارجی نور ولی کی ہدایات ظاہر کرتی ہیں کہ حملے کرنے والے نچلے درجے کے دہشتگرد اب افغانستان میں بیٹھے آقاؤں سےتنگ آچکے ہیں، اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کے پاکستان کی طرف سے موثر انگیجمنٹ سے خوارجین کے لیے افغانستان کی زمین تنگ پڑتی جا رہی ہے ۔

دفاعی ماہرین کاکہنا ہے کہ اگر فتنتہ الخوارج کافتنہ صحیح معنوں میں جہاد ہے تو خارجی نور ولی جیسے سرغنہ خود آگے ہو کر سکیورٹی فورسز کا سامنا کیوں نہیں کرتے، یہ حقیقت ہے کہ خارجی نور ولی جہاد کے نام پر اپنے پیروکاروں کو گمراہ کر کے ڈالر کما رہا ہے ۔