پاکستان اور آسٹریلیا کےدرمیان پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا

ٹی 20 سیریز کا آج سے برسبین میں آغاز ہوگا، گرین شرٹس کے رعب نے کینگروز پر لرزہ طاری کردیا ہے، مہمان ٹیم کے پاس مختصر فارمیٹ میں بھی آسٹریلوی سرزمین پر تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع موجود ہے، میزبان کو مستقل کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔

کپتان رضوان نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں کامیابی سے حوصلے بلند ہوچکے، ہم نئے چیلنج کیلیے بھی تیار ہیں، بولنگ کے ساتھ بطور بیٹنگ یونٹ بھی صلاحیتیں ثابت کرنے کی خواہش ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم ہوم گراؤنڈز پر گرین شرٹس کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہتی ہے، جوش انگلس قیادت کریں گے۔

دوسری جانب برسبین میں ہائی اسکورنگ میچ متوقع ہے تاہم محکمہ موسمیات نے بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کردی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا آخری مرتبہ لاہور میں 2022 میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں مدمقابل آئے تھے جس میں کینگروز نے فتح پائی تھی، پاکستان نے آسٹریلیا میں میزبان سائیڈ کے خلاف اب تک 4 ٹی20 میچز کھیلے ہیں، گرین شرٹس کو 3 میں شکست ہوئی اور ایک میچ بے نتیجہ ثابت ہوا۔