جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمان سے ملاقات کی، فائل فوٹو
جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمان سے ملاقات کی، فائل فوٹو

جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قطر کے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع سے ملاقاتیں

دوحہ: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا قطر کے سرکاری دورہ پر دوحہ پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمان سے ملاقات ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی قطر کے وزیر دفاع اور  چیف آف اسٹاف سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر خطے کی ابھرتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جے سی ایس سی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان اور ریاست قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قطری قیادت نے علاقائی استحکام کو یقینی بنانے میں پاکستان کے مثبت کردار کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔

قبل ازیں قطر کی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند فوجی دستے نے چیئرمین جے سی ایس سی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔