فوٹو آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر

ہرنائی میں فورسز کا آپریشن،3دہشتگرد ہلاک، میجر سمیت 2 اہلکار شہید

راولپنڈی: ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، کارروائی کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ دیسی ساختہ بارودی مواد کے دھماکے میں میجر سمیت دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد معصوم افراد کو نشانہ بنانے کے لیے ایک جگہ پر موجود ہیں۔ جس کے بعد میجر محمد حسیب کی قیادت میں فوری طور پر سیکیورٹی فورسز کو کارروائی کیلiے بھیجا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، اس دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران قیادت کرنے والی گاڑی کو دیسی ساختہ بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں میجر محمد حسیب قیادت کرتے ہوئے جامع شہادت نوش کر گئے جبکہ حوالدار نور احمد بھی واقعہ میں شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے 28 سالہ بہادر افسر میجر محمد حسیب کا تعلق راولپنڈی سے ہے جبکہ 38 سالہ حوالدار نور احمد شہید کا تعلق بارکھان سے ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد حسیب شہید نے 8 سال 6 ماہ تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، ان کے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی شامل ہیں۔ اسی طرح 38 سالہ حوالدار نور احمد شہید نے 14 سال تک وطنِ عزیز کا دفاع کیا،ان کے سوگوران میں اہلیہ ، تین بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دریں اثنا صدر مملکت نے ضلع ہرنائی میں جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر حسیب اور حوالدار نور کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں، دفاع وطن کے دوران بڑی قربانی پیش کرنے پر پوری قوم شہدا کی ممنون ہے۔

صدر نے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات ، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔