نئی دہلی: بھارتی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان میں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کے دورے کو منسوخ کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو چیمپئنز ٹرافی کی ٹرافی کو پاکستان میں اسکردو ، ہنزہ اور مظفر آباد کے علاقوں میں لے جانے کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اعتراض کیا ہے کہ ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد کے شہروں میں نہ لے جایا جائے ، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پی سی بی کو ان شہروں میں ٹرافی کو نہ لے جانے کا کہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی کو بتایا ہے کے ٹور کے دوران ٹرافی جن جن شہروں میں جانی ہے اس کو تبدیل کیا جارہا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق فی الحال ٹرافی کے ابتدائی ٹور میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کو رکھا جائے گا۔