گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری

گلگت (اُمت نیوز)گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث درجہ حرارت منفی 14 سینٹی گریڈ تک گر گیاجس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔

گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ،بابوسر ٹاپ اور خنجراب پاس سمیت اہم راستے برفباری کے باعث بند ہو گئے ہیں جس سے پاکستان اور چین کے درمیان سفر میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔

حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خنجراب پاس پر متعدد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، جبکہ راؤنڈو کے مقام پر چٹان گرنے سے بلتستان روڈ بلاک ہوگئی ہے، تاہم حکام کاکہناہے کہ سڑک کو آج ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔

گلگت بلتستان کی انتظامیہ نے ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، شگر اور گھانچے اضلاع میں 16 نومبر تک شدید برف باری جاری رہنے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے رہائشیوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ اسکردو کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق فوج نے برف سے ڈھکے دیوسائی کے میدانی علاقوں میں پھنسے 15 مسافروں کو کامیابی سے بچا لیا ہے۔