سموگ: لاہور ایئرپورٹ پر حد نگاہ کم، پروازوں کا شیڈول متاثر

لاہور ( اُمت نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند اور سموگ کے باعث حد نگاہ 200 میٹر پر پہنچ گئی، حد نگاہ کم ہونے کے باعث لاہور آنیوالی پروازوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 401 حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے لینڈ نہ ہو سکی، لاہور کی حدود میں 10 منٹ سے زائد چکر لگانے کے بعد پرواز کا رخ واپس موڑ دیا گیا، جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز 738 رات 12 بجے کی بجائے تقریباً 10 گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گی۔

نجی ایئرلائن کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز 822 شام ساڑھے سات جبکہ نجی ایئرلائن کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز 417 شام چھ بجے تک تاخیر کا شکار ہے۔

اسی طرح غیر ملکی ایئرلائن کی جدہ سے لاہور آنے والی پرواز 734 ساڑھے 10 کے بجائے ساڑھے تین گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچے گی جبکہ نجی ایئرلائن کی شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 501منسوخ کر دی گئی ہے۔