بھارتی دبائو، پاکستان میں آئی سی سی نے ٹرافی ٹور کے3شہر نکال دیئے

اسلام آباد(اُمت نیوز)آئی سی سی نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے اپنے منظور شدہ ٹرافی ٹور میں ردوبدل کرتے ہوئے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کے مطابق ٹور آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔

بھارت کے دباؤ پر آئی سی سی نے پاکستان میں ٹرافی ٹور کے تین شہر اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد نکال دیے۔ پی سی بی کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا نظر ثانی شدہ شیڈول آئی سی سی اور پی سی بی نے متفقہ طور پر ترتیب دیا ہے، ٹرافی ٹور کے پہلے شیڈول کی بھی آئی سی سی نے منظوری دی تھی۔

نئے شیڈول کے مطابق ٹور آج سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، ٹرافی 25 نومبر تک پاکستان میں رہے گی جہاں اُسے ٹیکسلا، خان پور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی لے جایا جائے گا، 22 سے 25 نومبر تک ٹرافی کی نمائش کراچی میں ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اعتراض کیا تھا کہ ٹرافی کو اسکردو، ہنزہ اور مظفرآباد کے شہروں میں نہ لے جایا جائے۔

آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025کے سلسلے میں پاکستان میں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کے دورے کو منسوخ کردیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع نے کہا تھاکہ ٹرافی ٹور میں آزاد کشمیر کو شامل کرنے پر بھارتی اعتراض ناجائز ہے، بھارت 2023 کی ورلڈ کپ ٹرافی لداخ کے متنازع علاقے میں کیوں لے کر گیا تھا۔