عاقب جاوید کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا

لاہور(اُمت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سلیکٹر عاقب جاوید کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا جبکہ زمبابوے کے خلاف 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز طے ہے۔

ذرائع کے مطابق عاقب جاوید کو لاہور قلندرز کے ڈیویلپمنٹ اسکواڈ کے ساتھ دورہ زمبابوے کا تجربہ ہونے کی بنا پر ہیڈ کوچ بنایا گیا ہے جبکہ وہ ماضی میں قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا سے قبل گیری کرسٹن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو وائٹ بال ٹیم کو اضافی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

گیری کرسٹن نے پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیا تھا، پی سی بی اور گیری کرسٹن کے درمیان معاملات کچھ عرصے سے خراب تھے، وہ سپورٹ اسٹاف میں اپنی ٹیم لانے کی اجازت نہ دینے پر ناراض تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق ٹیسٹ کرکٹ محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے راہیں جدا کرتے ہوئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی کوچنگ سے الگ ہو گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنی ہے، پاکستان ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلے گی جس میں سیریز میں 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔