14 ماہ میں معیشت کی کایا پلٹ دی، وزیرخزانہ

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ 14 ماہ کے مختصر وقت میں معیشت کی کایا پلٹنے کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف اور نگراں حکومت کو جاتا ہے ۔

محمد اورنگزیب کا میڈيا بریفنگ میں کہنا تھا کہ شہباز شریف نے انتخابات کے بعد واپس آکر آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائے ارینجمنٹ مکمل کیا، پھر نیا معاہدہ کیا، چاروں وزرائے اعلیٰ نے وفاق کا بھرپور ساتھ دیا، زراعت پر انکم ٹیکس کے لیے چاروں صوبائی حکومتوں کی کارکردگی شاندارہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ امریکا میں مالیاتی اداروں نے کہا کہ دنیا کو بتائیں اتنے کم عرصے میں معیشت کا رخ کیسے موڑ دیا؟۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے اقدامات مزید سخت کریں گے، مقررہ اہداف حاصل کرلیں گے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کا ایجنڈا کسی سے ڈھکا چُھپا نہیں تھا، دورے کا ایجنڈا ٹیکس اصلاحات، توانائی اصلاحات، پرائيوٹائزیشن اور پبلک فنانس تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آئی ایم ایف کا نہیں پاکستان کا اپنا پروگرام ہے، آئی ایم ایف ہماری مدد کر رہا ہے۔