24 نومبر کو پی ٹی آئی احتجاج کیلئے خصوصی کنٹینر تیار، ساؤنڈ سسٹم نصب

 

پشاور(اُمت نیوز)24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے لیے خصوصی کنٹینر تیار کرلیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنما کنٹینر میں موجود رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق 24 نومبر احتجاج کے لیے پی ٹی آئی نے تیاریاں تیز کرلیں اور خصوصی کنٹینر تیار کرلیا، جس میں ساؤنڈ سسٹم بھی نصب کردیا گیا جبکہ کانٹینر میں کانفرنس روم، واش روم، بیڈ روم سمیت دیگر سہولت موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنما کنٹینر میں موجود رہیں گے اور اسی کنٹینر سے تقاریر کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ 13 نومبر کو پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے دی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک احتجاج جاری رہے گا جبکہ قوم نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے کہ وہ آزادی میں رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔