فائل فوٹو
فائل فوٹو

190ملین پاؤنڈ ریفرنس، ملزمان کو 19نومبر کو سوال نامے کے جواب جمع کرانے کی ہدایت

راولپنڈی: احتساب عدالت نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 19نومبر کو 342کے سوال نامے کے جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

اڈیالہ جیل میں بانی  پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی،ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی،بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیاگیا،وکیل عثمان گل نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کافیصلہ آ چکا ہے پہلے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے،فیصل چودھری نے کہا کہ پراسیکیوشن شواہد ریکارڈ کروا چکی ہے اس بنا پر بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے۔

پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے ملزمان کے 342کے بیان ریکارڈ کئے جانے کی استدعا کی گئی،عدالت نے ملزمان کو 19نومبر کو 342کے سوال نامے کے جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی،عدالت نے بشریٰ بی بی کو کل ہر صورت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

بعدازاں اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی،سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس پر سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، میڈیکل بنیادوں پر بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی،پراسیکیوشن ٹیم نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہاکہ میڈیکل رپورٹ پر نہ کوئی سیریل نمبر ہے اور نہ ہی  دستخط موجود ہیں،وکلا صفائی فرد جرم عائد ہونے میں تاخیری حربے اختیار کررہے ہیں،عدالت نے گزشتہ سماعت پر بھی میڈیکل بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی،میڈیکل رپورٹ کے ساتھ ڈاکٹر کی معائنہ رپورٹ موجود نہیں،وکیل نے کہاکہ عدالت چاہے تو میڈیکل کی تصدیق کرا سکتی ہے،بشریٰ بی بی کی عدم دستیابی کے باعث توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔