فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے،وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے، بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے، عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی، شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی، جس سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے وزیرِ اعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔