جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے، فائل فوٹو
جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے، فائل فوٹو

پنجاب، لاہور، ملتان کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھلیں گے

لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں سموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی، وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کیلیے مشکل فیصلے کیے گئے، بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے،ا سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

سینئر صوبائی وزیر نے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کے تمام اداروں، ای پی اے، پولیس، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور عملے کو شاباش دی ۔

ادھر ماحولیاتی تحفظ کے ادارے(ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے دستخطوں  سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق اسکول پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے، تمام طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے، آؤٹ ڈور اسپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقرر ہوں گے تاکہ ٹریفک کا اژدہام نہ ہو، بالائی علاقوں میں بارش برسنے سے پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضا کا معیار بہتر ہوا ہے، اسکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے 6 نومبر کو بڑے شہروں میں سکول بند کر دیئے تھے، بعدازاں تعلیمی اداروں کو 24 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔