سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد نذیر جونیئر کی طبیعت خراب،بیٹےنےعلاج کی اپیل کردی

پی سی بی نے پہلے بھی ان کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے لیکن اس وقت انہیں انتہائی نگہداشت کی اشد ضرورت ہے

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد نذیر جونیئر کی طبیعت خراب ہو گئی اور اب انہیں بہترین علاج کی ضرورت ہے۔

ان کے بیٹے نعمان نذیر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ والد کو فوری طور پر بہترین علاج معالجے کی ضرورت ہے۔

محمد نذیر جونیئر کے صاحبزادے نعمان نذیر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ والد کے سینے میں انفیکشن اور پیٹ میں پانی جمع ہو گیا ہے، وہ خود بھی ان کے علاج کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور حکومت اُن کے والد کے علاج کے لیے اقدامات کرے۔

بیٹے نے کہا کہ پی سی بی نے پہلے بھی ان کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے لیکن اس وقت انہیں انتہائی نگہداشت کی اشد ضرورت ہے اس لیے اب پی سی بی اور حکومت اس حوالے سے تعاون کرے تاکہ علاج اچھے طریقے سے ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ والد کو پہلے سے زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد نذیر جونیئر نے پاکستان کے لیے 14 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچز کھیل رکھے ہیں۔

انہوں نے مجموعی طور پر 37 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

محمد نذیر جونیئر 5 سال قبل ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور اس کے بعد سے وہ مختلف پیچیدگیوں کی وجہ سے نارمل زندگی گزارنے سے قاصر ہیں۔