فائل فوٹو
فائل فوٹو

عمران خان سے علی گنڈاپور کی ڈیڑھ گھنٹے ملاقات، 24 نومبر احتجاج پر گفتگو

راولپنڈی: عمران خان سے علی امین گنڈاپور نے ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات کی، جس میں 24 نومبر احتجاج سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق  وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی ہے، جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ کانفرنس روم  میں ہونے والی دونوں شخصیات کی اہم ملاقات کی وجہ سے عدالتی کارروائی بھی متاثر ہوئی۔

وزیراعلیٰ کے پی کے نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایپکس کمیٹی اجلاس، 24 نومبر کے پی ٹی آئی کے احتجاج اور دیگر امور پر بات چیت کی۔

بعد ازاں ملاقات ختم ہونے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا میڈیا سے کوئی بات کیے  بغیر اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں وہ کے پی ہاؤس میں کچھ دیر آرام کریں گے۔ اس سلسلے میں کے پی ہاؤس کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا آج اسلام آباد میں ایپکس کمیٹی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔