اسلام آباد(اُمت نیوز)پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے تحریک انصاف کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی آج بھی اداروں سے مذاکرات کا مطالبہ کر رہے ہیں، یہ مذاکرات کی نہیں ڈیل کی درخواست ہے۔
ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ اب تو عالمی اخبارات بھی لکھ رہے ہیں کہ بانئ پی ٹی آئی اداروں سے ڈیل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج پُرامن ہے تو اسلام آباد انتظامیہ سے اجازت کیوں نہیں لی گئی؟
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ الٹا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نمٹنے کی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، یہ کسی بھی حوالے سے پُرامن سیاسی احتجاج اور اجتماع کا ارادہ نہیں رکھتے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ کے پی میں تحریک انصاف کی حکومت ایک بار پھر اسلام آباد پر یلغار کی تیاری میں مصروف ہے، خیبر پختون خوا میں امن و امان کی صورتِ حال انتہائی تشویشناک ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ صوبے میں امن و ترقی کے بجائے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کوششیں انتشار پھیلانے پر مبنی ہیں۔