فوٹو اسکرین شاٹ
فوٹو اسکرین شاٹ

پاراچنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 38افراد جاں بحق

پارا چنار: ضلع کرم میں پاراچنار سے پشاور جانے والی کانوائی میں شامل مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے میں 38 افراد جاں بحق،20زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ضلع کرم لوئر کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد نےحملہ کیا ۔ گاڑیاں پاراچنار سے پشاور جارہی تھیں کہ قافلے میں شامل مسافر گاڑیوں کو پہاڑوں سے نشانہ بنایا گیا۔

گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں خاتون سمیت 38 افراد شامل ہیں جب کہ 20 زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے 3 خواتین سمیت 20 افراد زخمی ہوئے، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔