فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،7 خوارج ہلاک

راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع آواران، ڈیرہ بگٹی، کیچ اور خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 7 خوارجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع آواران میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، دونوں ہائی ویلیو مطلوب دہشت گردوں کی شناخت نیازعرف گھمن اور ظریف عرف شاہ جہاں کے طور پر ہوئی۔

ضلع ڈیرہ بگٹی میں ایک اور آپریشن کے دوران دہشت گرد مارا گیا جبکہ ضلع کیچ میں ایک اور کارروائی میں مزید ایک اور دہشت گرد ہلاک ہوا۔

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔

سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

بنوں میں کارروائی

آئی ایس پی آر کے مطابق 22 نومبر کی علی الصبح سیکیورٹی فورسز نے بنوں ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج واصل جہنم ہوئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد ماضی میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔