فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی اجازت دینے سے روک دیا

اسلام آباد: فاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا 24 نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں احتجاج رکوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران طلبی پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، عدالت نے انتظامیہ کو خلاف قانون دھرنے یا احتجاج کی اجازت دینے سے روک دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کا احتجاج رکوانے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے ا حتجاج کے خلاف تاجروں کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ جاری کر دیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 24 نومبر کو بیلاروس کے صدر نے آنا ہے، حکومت کا احتجاج سے متعلق بنایا گیا حالیہ ایکٹ روز روشن کی طرح عیاں ہے، حالیہ ایکٹ کی خلاف ورزی میں اسلام آباد میں کسی احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج کے لیے ڈپٹی کمشنر کو 7 روز پہلے درخواست دے، اجازت ملنے پر احتجاج کیا جاسکتا ہے، وزیر داخلہ یہ پیغام پی ٹی آئی لیڈرشپ تک پہنچائیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ امن قائم رکھنے کیلئے انتظامیہ قانون کے مطابق تمام اقدامات کرے۔انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ قانون کے خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے، یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کے کاروبار زندگی میں کوئی رخنہ نہ پڑے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پبلک آرڈر 2024 دھرنے، احتجاج، ریلی وغیرہ کی اجازت کیلئے مروجہ قانون ہے، اسلام آباد انتظامیہ مروجہ قانون کے خلاف دھرنا، ریلی یا احتجاج کی اجازت نہ دے۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو وزیر داخلہ یا کسی متعلقہ شخص کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ کمیٹی میں چیف کمشنراسلام آباد کو بھی شامل کیا جائے۔

عدالت نے کمیٹی کو پی ٹی آئی کی قیادت کے ساتھ رابطہ کرنے کا بھی حکم دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کےفیصلے میں کہا گیاہے کہ کمیٹی پی ٹی آئی قیادت کو بیلاروس کے صدر کے دورے کی حساسیت سے آگاہ کرے، عدالت کو یقین ہے جب یہ رابطہ ہوگا تو کچھ نا کچھ پیشرفت ہوگی۔

عدالت نے مزید کہا کہ مذاکرات میں کوئی بریک تھرو نہیں ہوتا تو فریقین امن و امان کی صورتحال یقینی بنائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارتِ داخلہ کو بھی مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی اور آئندہ سماعت پر فریقین سے تحریری جواب بھی طلب کرلیا۔کیس کی سماعت 27 نومبر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ تاجر رہنماؤں کی جانب سےپی ٹی آئی احتجاج کےخلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔  اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت میں فوری سماعت کی گئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے۔