ڈی چوک پر رات ساڑھے 12بجے میں اپنی گاڑی میں تھی، فائل فوٹو
ڈی چوک پر رات ساڑھے 12بجے میں اپنی گاڑی میں تھی، فائل فوٹو

توشہ خانہ ٹو کیس : بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی ضمانت منسوخی کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی ۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کی جانب سے بشریٰ بی بی کی مسلسل عدم پیشی پر ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے آرڈر میں لکھا کہ بشری بی بی ضمانت کا غلط استعمال نہیں کریں گی ، بشریٰ بی بی ضمانت ملنے کے بعد اکثر سماعتوں میں پیش نہیں ہو  رہیں ، عدالت سے استدعا ہے کہ بشری بی بی کی ضمانت منسوخ کی جائے ۔

دوسری جانب 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ۔

عدالت نے مسلسل عدم حاضری کی بنا پر بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارںٹ گرفتاری جاری کیے ، بشریٰ بی بی 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی 8 سماعتوں میں سے مسلسل غیر حاضر رہیں۔

علاوہ ازیں  توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہو گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست ضمانت منظور کی، بانی پی ٹی آئی کو 10-10لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی۔