لاہور (اُمت نیوز) پاکستان ریلوے نے پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے درمیان تمام ٹرینیں فوری بند کر دیں۔
پاکستان ریلوے نے پشاور سے راولپنڈی، لاہور سے راولپنڈی جبکہ ملتان اور فیصل آباد سے راولپنڈی کے درمیان تمام ٹرین سروس بند کر دی ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق آج اتوار 24 نومبر کی تمام 25 ریل گاڑیوں کی بک ٹکٹیں بھی منسوخ کر دی گئیں جبکہ اتوار کی تمام گاڑیوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کے پیسے فوری واپس کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ریلوے سٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی جبکہ ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا داخلہ بھی مکمل بند کرکے سٹیشن سیل کر دیا گیا۔
مسافروں کو سٹیشن کے عارضی ٹکٹ گھر سے ہی بکنگ ٹکٹوں کے پیسے واپس کیے جائیں گے۔