موبائل سروس چل رہی ہے، موبائل پر صرف انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، فائل فوٹو
موبائل سروس چل رہی ہے، موبائل پر صرف انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، فائل فوٹو

فیض آباد آنے والے تمام لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا،محسن نقوی

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیض آباد آنے والے تمام لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، غیرملکی وفد کچھ ہی دیر میں اسلام آباد پہنچے گا، ملک میں اس بار سڑکیں اتنی بند نہیں جتنی پچھلی بار بند ہوئی تھیں۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج میں غیر ملکی بالخصوص افغان شہری بھی شامل ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کے علاوہ کہیں سے کوئی ریلی نہیں نکلی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد، راولپنڈی اور اٹک کا فضائی دورہ کیا اور تینوں شہروں میں سیکیورٹی انتظامات کا فضائی جائزہ لیا، وزیر داخلہ نے صوابی، پتھر گڑھ اور موٹر وے کا بھی فضائی مشاہدہ کیا اور سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، پولیس، ایف سی اور رینجرز فرائض سرانجام دے رہے ہیں، ہم نے عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرپسندوں سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا، امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ تحریک انصاف کے گزشتہ احتجاج پر 100 گرفتار افراد میں سے 33 افغانی نکلے تھے جبکہ گزشتہ دو روز میں بھی کئی غیر ملکی گرفتار ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سے سوال کرنا چاہیے کہ آپ کے احتجاج میں پاکستانی شامل ہیں یا پھر یہ احتجاج غیر ملکیوں کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف کا یہ احتجاج ختم ہوگا تو قوم کے سامنے حقائق اور ہونے والے نقصانات کا تخمینہ رکھیں گے تاکہ عوام سب کو جان کر ہی کوئی فیصلہ کرے، پی ٹی آئی کے احتجاج سے ملک کو نقصان جبکہ عوام کو بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ملک بھر میں موبائل سروس کھلی ہے تاہم موبائل ڈیٹا سروس بند ہے، صورت حال کو دیکھتے ہوئے اس کو جلد از جلد بحال کر کے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرداخلہ سے امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے رابطہ ہوتا ہے جبکہ احتجاج کے حوالے سے بیرسٹر گوہر سے رابطہ ہوا اور انہیں غیر ملکی مہمانوں کے وفد کی پاکستان آمد کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اگر تحریک انصاف ان تاریخوں کے علاوہ کسی اور دن احتجاج کرتی تو مجھے اُن کی نیت پر شک نہیں ہوتا مگر پی ٹی آئی ایسے مواقعوں پر ہی احتجاج کی کال دیتی ہے جبکہ کوئی عالمی ایونٹ یا شخصیت پاکستان میں ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی سے ڈری اور کسی کے سامنے جھکی نہیں ، اسلام آباد یا ڈی چوک پر جو بھی آنے کی کوشش کرے گا اُسے لازمی گرفتار کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ملک میں شرانگیزی کوئی بھی پھیلا سکتا ہے، اس حوالے ہم نے ضروری اقدامات کر لیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔