لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی فائنل کال فلاپ ہو گئی ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا قافلہ ابھی سو رہا ہے۔ ابھی تک پی ٹی آئی والوں کے دن کا آغاز نہیں ہوا۔ انقلاب لانے والے 11 بجے جاگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کہہ رہی تھیں کہ جلدی گاڑیوں میں بیٹھیں۔ کیا بشریٰ بی بی غیرسیاسی ہیں؟۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پولیس نے پورے پنجاب سے 80 افراد کو گرفتار کیا۔ اور جو کہتا ہے کہ آخری کال ہے نکلو اس کے قافلے میں 80 افراد نکلے ہیں۔ پی ٹی آئی کی فائنل کال فلاپ ہو گئی ہے اور پنجاب کے عوام نے پی ٹی آئی کی کال کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کو ریلیف دینے کی کوششوں مصروف ہیں۔ اور عوامی منصوبوں میں اور تیزی لائی جائے گی۔ کیا مارچ کرنے سے اڈیالہ جیل کے دروازے خود کھل جائیں گے؟ اور علمیہ خان کا دور دور تک کوئی پتہ نہیں۔
صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ کھنہ پل پر6 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ امن اور پی ٹی آئی ایک دوسرے کے متضاد ہیں جبکہ پنجاب اور لاہور میں کسی بھی جگہ قابل ذکر لوگ نظر نہیں آئے۔