4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں فوج طلب

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی، جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید ہو گئے، انتظامیہ نے فوج طلب کر لی ہے اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا ہے۔

واقعے میں رینجرز اہلکاروں سمیت پولیس کے 5 جوان شدید زخمی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی شرپسندوں کے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے میں اب تک رینجرز کے 4 جوان اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی رپورٹ دی ہے جس میں متعدد شدید زخمی ہیں۔

آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کو بلا لیا گیا ہے اور شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نپٹنے کے لیے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، سیکیورٹی ذرائع کے مطاق انتشاریوں اور شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتشار پسند اور دہشت گرد عناصر کو کسی بھی قسم کی دہشت گردانہ کاروائی سے نپٹنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔