دبئی (ابمت نیوز)دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم کو خوشخبری ملے گی، وہ کچھ کریں گے جس سے ملک اور کرکٹ کی جیت ہو۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایسا فیصلہ ہوگا کہ آئی سی سی کے مستقبل کے ایونٹس بھی اسی فارمولالے کے تحت ہوں گے۔ یکطرفہ فیصلے نہیں کرنے دیں گے، جیت ہم نے کرکٹ کی کرنی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم بھارت جائیں اور وہ پاکستان نہ آئیں، ایسا نہیں ہوسکتا ہے، لانگ ٹرم بات کرنا ہوگی۔ فیصلے صرف چیمپئنز ٹرافی تک محدود نہیں کیے جاسکتے۔ طویل مدت پر ٹورنامنٹس کیلئے فارمولا طے کرنا ہوگا۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےلیے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے یہ شرط عائد کی ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونیوالے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کیلئے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا، تو پاکستان کیلئے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیے۔