آئیے ایڈز سے پاک ملک کے لیے متحد ہو جائیں، وزیراعظم

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ایڈز کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایچ آئی وی کے خلاف قومی حکمت عملی کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے، ایسے افراد جو ایڈز کے خطرے سے دو چار ہیں ان کے لیے حکمت عملی بنانا ترجیح ہے، صحت کے نظام کو مضبوط بناتے رہیں گے، آئیے ایڈز سے پاک ملک کے لیے متحد ہو جائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ایڈز کا دن منایا جا رہا ہے، ایڈز کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایچ آئی وی کے خلاف حکمت عملی کو مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہیں، یقینی بنا رہے ہیں کہ ایڈز کے خلاف مہم میں کوئی پیچھے رہ نہ جائے، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ کی پاسداری اور تمام برادریوں کی شمولیت کو فروغ دینا ایڈز کو صحت عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کرنے کے لیے ضروری ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ایچ آئی وی/ایڈز نہ صرف صحت کا ایک چیلنج بلکہ ایک اہم سماجی و اقتصادی مسئلہ ہے جو کہ معاشی نظام کے لیے بھی ایک خطرہ ہے، ایڈز کی جانچ اور علاج کی کوریج میں ایک خلاء ہے جس کے حوالے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری اجتماعی کوششوں کے باوجود پاکستان میں ایچ آئی وی کی وبا بڑھ رہی ہے جس کے لیے اختراعی اور پائیدار کوششوں کی ضرورت ہے، مساوات اور شمولیت پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے ہی ہم ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں، مضبوط سیاسی ارادہ اور مؤثر قیادت قومی ایچ آئی وی حکمت عملی کو نافذ کرنے کے لیے ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ایڈز سے پاک ملک کے لیے متحد ہو جائیں، ایڈز سے پاک مستقبل صرف اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جو انسانی وقار، مساوات اور شمولیت کو فروغ دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔