لاہور(اُمت نیوز)وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کوئی سازش تباہی کی طرف نہیں لے جا سکتی۔
لاہور میں انٹرنیشنل والنٹیئر ڈے کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم چیلنج 2024ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والنٹیئرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
رانا مشہود کا کہنا ہے کہ آپ خوشحال پاکستان کا ہر اول دستہ ہیں، پاکستان کی اساس پر بار بار حملے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام، عراق، لیبیا اور مصر کا سب سے پہلے سوشل فیبرک تباہ کیا گیا، ان کے معاشروں میں بدتمیزی کو فروغ دیا گیا۔
وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے کہا کہ آج ان ممالک اور ان کے نوجوانوں کا مستقبل نظر نہیں آ رہا، وہی کام پاکستان میں کرنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہاں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ریسکیو 1122 کو کھڑا کیا ہے۔