دورۂ جنوبی افریقا کیلئے اسکواڈز کا اعلان،فخر زمان نظر انداز

اسلام آباد(اُمت نیوز)دورۂ جنوبی افریقا کے لیے پاکستان کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا گیا جبکہ فخر زمان کو کسی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

10 دسمبر سے 7 جنوری تک اس دورے میں پاکستان ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ کھیلے گی۔

ٹیسٹ اسکواڈ میں فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ورک لوڈ مینجمنٹ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کو وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کرنے والے فاسٹ بولر محمد عباس ہیں جو آخری بار اگست 2021ء میں جمائیکا میں کھیلے تھے، انہوں نے 25 ٹیسٹ میں 90 وکٹیں حاصل کی ہیں اور موجودہ قائد اعظم ٹرافی کے 5 میچوں میں 31 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سیریز کا آغاز 10 دسمبر کو ڈربن میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہو گا جبکہ پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو پارل میں اور ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔

گزشتہ ماہ سری لنکا اے کے خلاف پاکستان شاہینز کی جانب سے 15 وکٹیں لینے کے بعد فاسٹ بولر خرم شہزاد کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔