لاہور (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 فارمیٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
منگل کو 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
زمبابوے کے خلاف کھیلا گیا سیریز کا دوسرا ٹی 20 پاکستان کا مجموعی طور پر 250 واں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ تھا، پاکستان کرکٹ ٹیم 250 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
گرین شرٹس نے 250 میں سے 144 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 95 میں شکست ہوئی۔
4 میچز برابر بھی ہوئے جس میں 3 کا فیصلہ سپر اوور اور ایک کا بال آؤٹ میں ہوا، ان میں سے 3 میں قومی ٹیم کو شکست اور ایک میں کامیابی ملی، اس کے علاوہ 7 میچز بے نتیجہ بھی رہے ہیں۔
سب سے زیادہ ٹی 20 میچز کھیلنے والی ٹیم کی فہرست میں دوسرا نمبر بھارت کا ہے جس نے 242 میچز کھیلے ہیں۔