اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے۔
24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج پر تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پیشرفت ہوئی ہے، اسلام آباد پولیس نے 96 نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے۔
مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور، عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور شیر افضل مروت کا نام بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عالیہ حمزہ، سیمابیہ طاہر، شعیب شاہین اور علی بخاری کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تھانہ کوہسار پولیس نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔
واضح رہے کہ تھانہ کوہسار کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نامزد ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے ڈی چوک مقدمے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات کو نکالا جائے، 26 نومبر کو اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہوا، حتمی فیصلے تک ایف آئی آر یا دہشت گردی کی دفعات کو معطل کیا جائے۔