بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے، فائل فوٹو
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے، فائل فوٹو

انسان ہوں یا فرشتے،سب سے مذاکرات کیلیے تیار ہیں،عمر ایوب

راولپنڈی:تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے انسان ہوں یا فرشتے ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا قومی حکومت ملک کو درپیش مسائل کا حل نہیں، عدل اور قانون کی حکمرانی لانا ہو گی، اس وقت یہاں صرف فاشزم اور ڈنڈا ہے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 5 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے، اگر مذاکرات نہیں ہوئے تو 13 دسمبر کو تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کر دیں گے، سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دیں گے۔

اس موقع پرشبلی فراز نے کہا کہ جعلی حکومت ہمیں جعلی کیسز میں مصروف رکھنا چاہتی ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے جاں بحق کارکنوں کی مصدقہ تعداد 12 ہے، لاپتا کارکنوں کی تفصیلات کو دیکھ رہے ہیں، بطور پارٹی چیئرمین جو بات کریں گے پوری ذمہ داری سے کریں گے۔