انگلینڈ(اُمت نیوز)انگلینڈ کرکٹ کے سابق کپتان مائیکل وان نے 4 روزہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے آواز بلند کر دی۔ اس حوالے سے مائیکل وان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کا ایک روز کم کرنے سے کرکٹ شیڈولنگ میں آسانی ہو گی،انہوں نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ5 کے بجائے ٹیسٹ کو 4 روز کا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں کرکٹرز بہت زیادہ تفریح مہیا کر رہے ہیں، جمعرات کو میچ شروع ہو اور اتوار کو اس کا اختتام ہو جائے۔ مائیکل وان کا کہنا ہے کہ 4 روز کا میچ ہونے سے ہر کسی کو سمجھنے میں آسانی ہو گی، اب کرکٹ اس طرح نہیں کھیلی جا رہی جس طرح 80 اور 90 کی دہائی میں کھیلی جاتی تھی۔ انگلش ٹیم کے سابق کپتان نے کہا ہے کہ آج کل کھلاڑیوں نے کرکٹ کو برانڈ بنا دیا ہے، وہ جلد سے جلد جیتنے کی کوشش کرتے ہیں، میں تو سب کو کہوں گا کہ 4 روزہ ٹیسٹ کرنے کے حوالے سے سنجیدگی سے غور کریں۔ واضح رہے کہ آخری 50 ٹیسٹ میچز میں سے صرف 3 ٹیسٹ میچز ڈرا ہوئے ہیں جبکہ ڈرا ہونے والے 3 ٹیسٹ میچز بارش سے شدید متاثر ہوئے ہوئے اور دو تہائی ٹیسٹ میچز کا اختتام چوتھے روز ہوا ہے۔