لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے زیر تفتیش پاک عرب ہاوسنگ سکیم میں اربوں روپے کے گھپلے میں سابق سینیٹر وقار احمد خان کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق سابق سینیٹر وقار احمد خان کو نجی ہاوسنگ سکینڈل میں 6 ارب روپے کے مبینہ فراڈ پر گرفتار کیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے ملزم وقار احمد خان کی ایک روزہ حفاظتی ضمانت کی استدعا مسترد کی، عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت پر عائد اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا۔
اس کے بعد نیب لاہور نے پولیس کی مدد سے سابق سینیٹر کو لاہور ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا۔گرفتاری سے قبل تقریبا 4 گھنٹے تک ملزم وقار احمد خان کمرہ عدالت میں موجود رہے جبکہ نیب ٹیم، پولیس اور فراڈ کے متاثرین کمرہ عدالت کے باہر انتظار کرتے رہے۔