اسلام آباد:سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کے لیے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ہاشم کاکڑ نے شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کا معاملہ زیر غور آیا، جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں قائم کمیٹی ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم پر تجاویز پیش کرے گی۔
جوڈیشل کونسل نے ججزکے خلاف 35 انفرادی شکایات کا جائزہ لیا جن میں سے 30 شکایات خارج کر دی گئیں جبکہ پانچ شکایات پر جواب مانگ لیا۔ جوڈیشل کونسل اجلاس اعلامیہ میں کسی جج کے خلاف شکایت کی تفصیل یا نام کا ذکر نہیں کیا گیا۔