اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ڈی چوک میں 26 نومبر کو ہونے والے مبینہ واقعات سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو ابتدائی سماعت کے لیے منظور کر لیا۔
یہ درخواست پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر کی گئی ہے اور اس درخواست پر سماعت کل و ہو گی۔
درخواست میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ اسی طرح آئی جی، ایس ایس پی، ڈی آئی جی و دیگر کے خلاف بھی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے بیرسٹر گوہر کے ذریعے دائر کمپلینٹ میں 38 زخمی پی ٹی آئی کارکنوں کی فہرست بھی منسلک کی ہے۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے 139 لاپتا کارکنوں کی لسٹ بھی ساتھ لگائی گئی ہے۔
استغاثہ میں استدعا کی گئی ہے کہ کرمنل کمپلینٹ منظور کر کے وزیر اعظم سمیت دیگر فریقین کو طلب کیا جائے۔ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے دو وزیر اور دو ارکان صوبائی اسمبلی کو بھی بطور گواہ شامل کیا گیا ہے۔
کمپلینٹ میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر کے بلایا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔