اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کی اموات پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
اس افسوس ناک واقعے پر وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے باعث کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ مافیا غریب عوام کو جھوٹےخواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔
انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایسے افراد کی شناخت کر کے سخت سزائیں دی جائیں، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
دوسری جانب محسن نقوی نے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانیوں کی کشتی حادثے میں اموات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر کے 5 روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو ارسال کرے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جرم ہے، مافیا کئی گھر اجاڑ چکا ہے، انسانی اسمگلنگ مافیا کے خلاف ایف آئی اے ملک گیر کارروائیاں کرے۔
واضح رہے کہ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق بحیرہ روم میں جنوبی جزیرے گیوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں 39 تارکین وطن کو بچا لیا گیا جبکہ حادثے میں 40 افراد لاپتہ ہوگئے۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق بچنے والے افراد میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے۔