انقرہ: ترکیہ نے بغاوت کے نتیجے میں بشار الاسد کا تختہ الٹ کر بننے والی شام کی نئی حکومت کو فوجی مدد کی پیشکش کی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے وزیر دفاع یاسر گلر نے کہا کہ شام میں قائم ہونے والی حکومت کو ایک موقع ضرور دیا جانا چاہیے۔
ترک وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر شام کی نئی حکومت نے مدد کی درخواست کی تو ترکیہ ضروری بشمول فوجی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یاسر گلر نے کہا کہ شام میں بننے والی حکومت کے اقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جنھوں نے تمام اداروں کے احترام اور تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا عہد کیا ہے۔
یاد رہے کہ ہیتہ التحریر الشام کی قیادت میں باغی گروہوں نے گزشتہ ہفتے شام کے دارالحکومت دمشق کا قبضہ حاصل کرلیا تھا اور ملک میں نئی عبوری حکومت تشکیل دیدی گئی۔
شامی صدر بشار الاسد اپنا 24 سالہ اقتدار چھوڑ کر اہل خانہ کے ہمراہ روس فرار ہوگئے تھے اور تاحال وہیں مقیم ہیں۔ ان کا اب تک کوئی بیان سامنے پر نہیں آیا۔