ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کا راج، حد نگاہ صفر

 

لاہور (اُمت نیوز) ملک کے بیشتر شہروں میں دھند کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی جبکہ موٹر وے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔

موٹر وے ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک بند ہے، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔

سید عمران احمد نے مزید کہا کہ شہری معلومات اور مدد کے لئے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں سموگ کا سلسلہ بھی برقرار ہے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پاکستان کا تیسرا نمبر ہے، مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈیکس 359 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔