نائجیریا میں بھگدڑ مچنے کے دو واقعات میں 13 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق نائیجیریا میں ہفتے کے روز دو مقامات پر بھگدڑ مچنے کے واقعات پیش آئے۔ دارالحکومت ابوجا کے ضلع میتاما میں ہولی ٹرنیٹی کیتھولک چرچ کی جانب سے منعقدہ تقریب تحائف وصولی کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس میں دس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
دوسرا واقعہ جنوب مشرقی نائیجیریا کی انا مبرا ریاست میں پیش آیا جہاں تحائف کی تقسیم کے دوران ہجوم میں بھگڈر مچ گئی۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نائیجیریا نے مرنے والوں کی تعداد 20 بتائی ہے۔ دونوں واقعات میں خواتین اور بچے زیادہ متاثر ہوئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو نائجیریا کی جنوب مغربی ریاست اویو کے ایک اسلامی ہائی اسکول میں میلے کے دوران بھگدڑ مچنے سے 35 بچے جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے تھے۔