تیسرا ون ڈے،پاکستان کا جنوبی افریقہ کو وائٹ واش

 

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں بھی شکست دے کر سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش کردیا۔

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 309 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 42 اوورز میں 271 رنز ہی بنا سکی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹاپ اسکورر کلاسن رہے ، انہوں نے 43 بالز میں 81 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوربن بوش 40 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سفیان مقیم نے 52 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کے سنچورین صائم ایوب نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد حسنین بھی ایک ہی وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹوں پر 308 رنز بنائے، میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد 47 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا۔

پاکستانی اوپنر صائم ایوب سنچری بنانے میں کامیاب رہے، وہ 94 گیندوں پر 101رنز بنانے میں کامیاب رہے، اپنی اننگز میں انہوں نے 13 چوکے، 2 چھکے لگائے، اس ون ڈے سیریز میں اُن کی یہ دوسری تین ہندسوں کی اننگز ہے۔

اسٹار بیٹر بابر اعظم اور کپتان محمد رضوان بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عبداللّٰہ شفیق نے مسلسل تیسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بنایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔