پشاور (اُمت نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ دیا، قائداعظم کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد پر مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے مسلم مخالف رویئے سے ثابت ہوا مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کا فیصلہ درست اور صحیح تھا، آج جس آزاد فضا میں ہم سانس لے رہے ہیں یہ بابائے قوم قائد اعظم کی قیادت وسیاسی بصیرت کی مرہون منت ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا، ملک کو ناقابل تسخیر بنانے پر آج ہم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین خان گنڈا پور نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ کرسمس محبت، اخوت، ایثار، امن اور رواداری کا پیغام ہے، ہمارا مذہب اسلام بحیثیت شہری اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے کا درس دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کوعبادات، رسومات اور تہواروں کوآزادی سے منانے کی ضمانت دیتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فلاح و بہبود پی ٹی آئی کے منشور کا اہم حصہ ہے، ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں خصوصاً مسیحی برادری کا بھر پور کردار رہا ہے، پوری قوم مسیحی برادری کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔