راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں تین آپریشنز کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 31 سالہ میجر نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 25 اور 26 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز کے تین علیحدہ آپریشنز کے دوران 13 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
پہلا آپریشن ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
دوسرا آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 خوارج مارے گئے اور آٹھ زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
اس آپریشن میں بہادری سے قیادت کرنے والے 31 سالہ میجر محمد اویس (ضلع نارووال کے رہائشی) نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے6 خوارج کو ہلاک اور8 کو زخمی کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔