اسلام آباد: دینی مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ، صدر آصف علی زرداری نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024 پر دستخط کردیے۔
صدرمملکت کے دستخطوں کے ساتھ ہی بل قانون بن گیا، قومی اسمبلی جلد سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر کے دستخطوں کے ساتھ ہی بل قانون بن گیا ہے، قومی اسمبلی جلد اس حوالے سے گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، یہ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا گیا ہے۔
دو روز قبل پاکستان کی وفاقی کابینہ نے مدارس رجسٹریشن کیلئے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔
جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت اور جمعیت علمائے اسلام کے درمیان تنازعے کا باعث بننے والے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے لیے آرڈیننس کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق کابینہ نے وزارت قانون کی سفارش پر 1860 کے سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم کے آرڈیننس کی منظوری دی۔
مدارس رجسٹریشن کے ترمیمی بل کو پارلیمنٹ نے اکتوبر میں منظور کیا تھا لیکن صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعتراضات لگا کر اسے واپس بھیج دیا تھا۔
صدر مملکت نے مزید کہا تھا کہ ’نئے بل میں مدرسوں کی تعلیم کو شامل کرنے سے 1860 کے ایکٹ کے بنیادی اصولوں کے ساتھ تضاد پیدا ہو گا اور اس قانون کے تحت مدرسوں کی رجسٹریشن فرقہ واریت کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ایک ہی سوسائٹی میں متعدد مدرسوں کی تعمیر سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے اور عالمی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بعدازاں سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بتایا تھا کہ مدارس رجسٹریشن ایکٹ کا مسئلہ 26 ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں حل کر لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کے ساتھ مل کر مسودے کو حتمی شکل دی گئی ہے اور اب یہ معاملہ مکمل طور پر طے پا چکا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ترمیم کے تحت وزارت تعلیم یا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے ذریعے مدارس کی رجسٹریشن ہو گی، جس سے مدارس کے تمام دھڑوں کے مطالبات پورے ہو جائیں گے۔