کراچی: شہر قائد میں مذہبی جماعت کی جانب سے شہر کے 14 مقامات پر احتجاجی دھرنے تیسرے روز بھی جاری ہیں، جس کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح سے درہم برہم رہا۔
تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعت کی جانب سے سب سے پہلے نمائش چورنگی پر دھرنا دیا گیا تھا، جمعرات کی شب شارع فیصل سمیت کئی مقامات پر احتجاجی دھرنوں کی تعداد بڑھادی گئی اوراتوار کو دھرنوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی جو اب تک جاری ہیں۔
جن مقامات پر دھرنے دیے گئے ہیں ان میں نمائش چورنگی، ابو الحسن اصفانی روڈ عباس ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی، سمامہ شاپنگ سینٹر یونیورسٹی روڈ، شارع فیصل کالا چھپرا، ملیر 15 پل، کورنگی ڈھائی نمبر، انچولی شارع پاکستان، گلستان جوہر کامران چورنگی، ناظم آباد ایک نمبر، نیشنل ہائی وے ٹائون شپ، نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی اور سرجانی ٹائون شمس الدین عظیمی روڈ اور دیگر مقامات شامل ہیں۔
شہر کی اہم اور مصروف شاہراہوں پر احتجاجی دھرنوں کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درھم برہم ہوکر رہ گیا، ان علاقوں کی طرف سفر کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستے فراہم تو کیے اس کے باوجود ٹریفک جام ہے۔
شاہراہ فیصل پر دھرنے کیوجہ سے مسافروں کو ایئرپورٹ پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی کے علاقوں ملیر 15 اور نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ پردھرنا ختم کردیا گیا ہے اور دونوں مقامات پر سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
مین نیشنل ہائی وے ٹاؤن شپ کے دونوں اطراف بھی بند سڑکیں کھول دی گئی ہیں، قبل ازیں، متبادل راستہ ٹھٹھہ والی لنک روڈ اور پورٹ قاسم دیا گیا تھا۔