نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش مبینہ طور پر پاکستان سے شارٹ رینج بیلسٹک میزائل حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ممکنہ بھارتی حملے کے خلاف اپنی دفاعی صلاحیتوں اور ڈیٹرنس کو مضبوط کیا جا سکے۔
انڈین ڈیفنس ریسرچ ونگ (IDRW) نے دعویٰ کیاہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان سے کم فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے والا میزائل ”ابدالی“ خریدنے کے لیے رابطہ کیا ہے، جس کی رینج 400 کلومیٹر ہے، بظاہر بھارت کے حملے کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر پاکستان 2 اہم وجوہات کی بناء پر درخواست پر رضامند ہو سکتا ہے، پہلا ڈھاکہ کی حمایت کر کے اپنے علاقائی اثر و رسوخ کو بڑھانا جو کہ اس وقت نئی دہلی کے خلاف ہے، اور دوسرا کیونکہ ”ابدالی“ ایس آر بی ایمز کی فروخت سے دفاعی توازن میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی پاکستان کے خلاف کیونکہ ان میزائلوں کی رینج کم ہے۔