اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق ترمیمی آرڈیننس جا ری کر دیا جبکہ اس سے قبل رجسٹریشن کے حوالے سے سوسائٹیز ایکٹ 2024 جاری کردیا گیا تھا۔
صدر مملکت نے سوسائٹی رجسٹریشن سے متعلق ترمیمی آرڈیننس جا ری کردیا، جس میں پہلے سے رجسٹرڈ دینی مدارس کو قانونی تحفظ فراہم کردیا گیا اور سوسائٹی رجسٹریشن کے سیکشن5، 6 اور7 میں ترمیم کی گئی ہے۔
ترمیمی آرڈیننس کے مطابق تمام مدارس کو مالی وسائل کے آڈٹ کرنے کے پابند ہوں گے اور وزارت تعلیم کے ماتحت دینی مدارس کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
صدارتی آرڈیننس میں کہا گیا ہے کہ دینی مدارس وزارت تعلیم یا سوسائٹی رجسٹریشن قانون کے تحت خود کو رجسٹرڈ کروانے میں آزاد ہوں گے اور وزارت تعلیم کے ماتحت رجسٹرڈ مدارس رجسٹرڈ تصور ہوں گے۔
قبل ازیں صدر مملکت نے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق سوسائٹیز ایکٹ 2024 پر دستخط کردیے تھے اور بعد ازاں گزٹ نوٹیفکیشن کے تحت اس کی تفصیلات بھی جاری کردی گئی تھیں۔